حکومت کی جانب سے سولر پینلز صارفین کے لیے نیٹ میٹرنگ ختم کر کے گراس میٹرنگ کی پالیسی متعارف کرانے کا منصوبہ زیرغور ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گراس میٹرنگ کی نئی پالیسی کے حوالے سے حکومت نے آئی ایم ایف کو بھی آگاہ کر دیا ہے اور اس پالیسی کو متعارف کرانے کی وجہ ملک میں بجلی کی قیمتوں کے بحران پر قابو پانا ہے۔ تاہم گراس میٹرنگ سے متعلق حکومت کی جانب سے کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔
وفاقی وزیر توانائی اویس احمد لغاری نے وضاحت کی ہے کہ حکومت کا نیٹ میٹرنگ کو ختم کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے اویس لغاری نے بتایا نیٹ میٹرنگ کی پالیسی مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے بطور وزیراعظم اپنے گذشتہ دور میں متعارف کرائی تھی۔ حکومت نیٹ میٹرنگ کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی کیونکہ یہ پالیسی وزیراعظم شہباز شریف کے دل کے قریب ہے۔
اویس لغاری نے کہا کہ وہ سولر صارفین جن کے پہلے ہی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سے نیٹ میٹرنگ کے معاہدے ہیں وہ بالکل متاثر نہیں ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا حکومت نیٹ میٹرنگ کا فروغ جاری رکھے گی اور تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد پالیسی میں کوئی تبدیلی کی جائے گی۔