پی سی بی نے قومی ٹیم کے دورہ جنوبی افریقہ کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ جنوبی افریقہ کے دوران 2 ٹیسٹ ،3 ون ڈے اور 3 ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔
ڈربن، سنچورین اور جوہانسبرگ 10 سے 14 دسمبر تک ٹی20 انٹرنیشنل میچوں کی میزبانی کریں گے۔
ون ڈے میچز 17 سے 22 دسمبر تک کیپ ٹاؤن اور جوہانسبرگ میں کھیلے جائیں گے۔
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2023-25کے 2 ٹیسٹ میچز سنچورین (26 تا 30 دسمبر) اور کیپ ٹاؤن (3 تا 7جنوری) میں ہوں گے۔
علاوہ ازیں دورہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کے لیے بھی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے۔پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے 18 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔ بابر اعظم کی قیادت میں شاداب خان، فخر زمان، محمد رضوان، شاہین آفریدی، افتخار احمد اور عماد وسیم اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
دیگر کھلاڑیوں میں عباس آفریدی، محمد عامر، نسیم شاہ، عثمان خان، اعظم خان، عرفان خان، ابرار احمد، حارث رؤف، حسن علی، صائم ایوب، آغا سلمان شامل ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کے لیے اُسامہ میر اور زمان خان کو اسکواڈ سے ڈراپ کردیا گیا ہے۔
سلیکشن کمیٹی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ غیر معمولی ٹیلنٹ کی دستیابی کی وجہ سے ٹیم کا انتخاب آسان نہیں تھا۔
خیال رہے کہ قومی ٹیم 7 مئی کو غیر ملکی دورے پر روانہ ہو گی۔ آئرلینڈ کے خلاف قومی ٹیم 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلے گی، قومی ٹیم اپنا پہلا میچ 10 مئی، دوسرا 12 مئی اور تیسرا میچ 14 مئی کو ڈبلن میں کھیلے گی۔
آئر لینڈ سے سیریز مکمل کرنے کے بعد 4 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے لیے ٹیم انگلینڈ روانہ ہوگی۔