الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق ا لیکشن کمیشن نے لیگل ٹیم کو درخواست تیار کرنے کی ہدایت کردی ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے میں موجود ابہام کو بھی درخواست کا حصہ بنایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ا لیکشن کمیشن آزاد اُمیدواروں کو 15 دن کا وقت دینے کے نقطے پر اعتراض اٹھائے گا، صرف کاغذات نامزدگی میں تحریک انصاف کا رکن ہونے کا لکھ دینا کافی نہیں۔
ذرائع ا لیکشن کمیشن کے مطابق آر او کو پارٹی ٹکٹ نہ دینے والے کیسے پاکستان تحریک انصاف کے ممبر ہوسکتے ہیں، بطور آئینی ادارہ الیکشن کمیشن سپریم کورٹ میں اپنا دفاع کرے گا۔
ا لیکشن کمیشن آزاد اراکین کے کاغذات نامزدگی پارٹی وابستگی کے دستاویزات اور بیان حلفی کی سکروٹنی بھی کرے گا، سکروٹنی کے لیے الیکشن کمیشن نے اسپیشل سیکرٹری کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔نظرثانی درخواست آج دائر کئے جانے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا تھا،سپریم کورٹ نے پشاور ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا حکم دیا تھا۔