امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کی چیئرپرسن شیلا جیکسن لی 74 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔
ریاست ٹیکساس سے رکن کانگریس شیلا جیکسن طویل عرصے سے لبلبے کے کینسر میں مبتلا تھیں۔ ان کے خاندان نے انتقال کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہم ٹیکساس کے 18 ویں کانگریشنل ڈسٹرکٹ کی ریاست ہائے متحدہ کی نمائندہ شیلا جیکسن کے انتقال کا اعلان کرتے ہیں۔
شیلا جیکسن لی کو قومی اور بین الاقوامی انسان دوست، انصاف اور انسانی حقوق خصوصا خواتین اور بچوں کے لیے ان کی جرات مندانہ کوششوں کی وجہ سے دنیا بھر میں تسلیم کیا گیا۔ انہوں نے سوگواران میں شوہر، دو بچے اور دو پوتے پوتیاں چھوڑی ہیں۔
شیلا 1995 سے کانگریس کی رکن کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے رہی تھیں ، وہ سیلاب، زلزلے سمیت ہرناگہانی آفت میں پاکستان کی مدد کیلئے پیش پیش رہیں۔ 2022 میں حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں ہلال پاکستان کے اعزاز سے نوازا گیا۔