محکمہ موسمیات نے ملک میں شدید سردی اور آزاد کشمیر میں چند مقامات پر بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
وادی لیپہ میں رات سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے، برف باری کی وجہ سے پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے، وادی لیپہ کے بالائی علاقوں منڈا کلی کلی منڈل چنیاں، نوکوٹ میں برف باری اور مختلف گاؤں میں بارش ہو رہی ہے، برف باری کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ مری میں برفباری کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا ہے، سیاحوں کی بڑی تعداد ملکہ کوہسار پہنچ گئی ہے۔
ویک اینڈ ہونے کی وجہ سے سیاحوں کی تعداد مزید بڑھنے کا امکان ہے، گزشتہ روز لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ظفر وال اور گجرات سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی۔
بارش کی وجہ سے سردی میں مزید اضافے ہونے کے ساتھ ساتھ دھند بھی بڑھ گئی ہے، دوسری جانب فضائی آلودگی میں کمی آئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔