اسپیشل سینٹرل عدالت لاہور نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی سمیت 9 ملزمان کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم دیدیا۔
ایف آئی اے نے 9 ملزمان کا نامکمل چالان عدالت میں پیش کیا جس میں مونس الٰہی سمیت 6 ملزمان کو اشتہاری قرار دیا گیا۔
ایف آئی اے نے عدالت سے مونس الٰہی سمیت 9 ملزمان کی جائیدادیں منجمد کرنے کی استدعا کی، عدالت نے مونس الٰہی اور ضیغم عباس سمیت 9 ملزمان کی جائیدادیں منجمد کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
بعد ازاں مونس الٰہی اور ضیغم عباس کے وکیل نے جائیدادیں منجمد کرنے سے متعلق دلائل کی مہلت مانگی جس پر عدالت نے انہیں 20 اگست تک دلائل دینے کی ہدایت کر دی۔
جج چالان پر ابتدائی سماعت کا تحریری حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے کے مطابق مونس الہی کی گرفتاری کے لیے انٹرنیشنل پولیس سے رابطے میں ہیں اور انٹر پول ان کے ریڈ نوٹسز جاری کر چکی ہے۔ مونس الہٰی کے باعث زارا الہیٰ پر بھی کک بیکس کے الزامات ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال 6 جون کو ایف آئی اے نے مونس الہٰی پر منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کرایا تھا، ایف آئی اے کی جانب سے مقدمے میں کرپشن اور منی لانڈرنگ کے الزامات عائد کئے گئے تھے۔