کاروباری ہفتے کے پہلے روز کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر مزید مہنگا ہو گیا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعدادو شمار کے مطابق آج کاروبار کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر 17 پیسے کے اضافے سے 278 روپے 20 پیسے بڑھ کر 278 روپے 37 پیسے کا ہو گیا ہے۔
کاروبار کے آغاز پر ڈالر 8 پیسے کے اضافے کے بعد 278 روپے 28 پیسے پر ٹریڈ کر رہا تھا ۔ گزشتہ ہفتے کے آخری کاروبار ی روز کے اختتام پر امریکی کرنسی 278 روپے 20 پیسے پر بند ہوئی تھی۔دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید277.75روپے اور قیمت فروخت280.50روپے رہی۔
اوپن مارکیٹ میں دیگر بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں روپے کی کارکردگی ملی جلی رہی۔ برطانوی پاؤنڈ 2 روپے سستا ہونے کے بعد 356.04 روپے سے کم ہو کر 354.05 روپے پر بند ہوا۔
یورو کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 3.43 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد یورو302 روپے 96 پیسے سے کم ہو کر 299 روپے 53 پیسے ہو گئی ہے۔ اسی طرح سوئس فرانک میں 2.35 روپے کی کمی دیکھی گئی جس بعد نئی قیمت 312.67 روپے سے کم کر 310.32 روپے پر ہو گئی ہے۔
خیلیجی کرنسیوں کی بات کریں تو سعودی ریال اور اماراتی درہم کی قیمت میں معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، اماراتی درہم کی قدر میں 5 پیسے کا اضافہ ہونے سے قیمت 75.79 روپے جبکہ سعودی ریال کی قیمت میں بھی 74.23 روپے پر پہنچ گئی ہے ۔
دوسری جانب کراچی صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 39 ہزار 400 روپے پر برقرار رہی۔
اسی طرح 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 5 ہزار 247 روپے پر مستحکم رہی، 22 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت ایک لاکھ 88 ہزار 143 روپے ہے۔ مقامی صرافہ بازاروں میں بھی چاندی کی فی تولہ قیمت 2750 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 2358 روپے رہی۔