اسلام آباد: چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے لیے تیار ہیں، پاکستان کے اصولی مؤقف کو ہر کسی نے سراہا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کی زیرصدارت گورننگ بورڈ کا اجلاس ہوا۔ جس میں گورننگ بورڈ کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ پر اب تک کی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔
گورننگ بورڈ کو قذافی، نیشنل اور راولپنڈی اسٹیڈیم کی تعمیر نو میں پیشرفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔ جبکہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے گورننگ بورڈ کو چیمپئنز ٹرافی سے متعلق اعتماد میں لیا۔ گورننگ بورڈ نے اسٹیڈیمز کی تعمیر نو کے کام پر اطمینان کا اظہار کیا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پی سی بی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے ہر لحاظ سے تیار ہے۔ اور چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہر طرح کی تیاریاں مکمل ہیں۔ پاکستان کے اصولی مؤقف کو ہر کسی نے سراہا ہے۔