چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ نے گزشتہ روز ہم نیٹ ورک لمیٹڈ کے کراچی آفس کا دورہ کیا۔ ہم نیٹ ورک کے عہدیداروں اور چیئرمین پیمرا کے درمیان میڈیا کی صنعت کو درپیش مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔
گفتگو کا مقصد میڈیا صنعت کو درپیش اہم چیلنجوں سے نمٹنے اور پاکستانی ڈراموں اور پروڈکشن کے معیار کو بہتر بنانے پر زور دینا تھا۔
چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ نے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں میڈیا کے کلیدی کردار پر زور دیا۔
ہم نیٹ ورک کے سی ای او درید قریشی نے میڈیا انڈسٹری کو درپیش مسائل اور اس کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ملک میں براڈکاسٹنگ کے شعبے کو مضبوط اور اس کی ترقی کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مل کر میڈیا کے منظرنامے کو تبدیل کرنے میں جدت طرازی اور شراکت داری کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔