کراچی سے گزشتہ دنوں اغواء ہونے والے معروف صنعت کار اور کولا نیکسٹ کے مالک ذوالفقار احمد لاہور میں اپنے گھر پہنچ گئے۔
پاکستانی صنعت کار کی رہائی کی تصدیق انکے وکیل میاں علی اشفاق کی جانب سے کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار احمد کی کراچی میں موجود اپنے اہل خانہ سے بات ہوگئی ہے اور وہ جلد انکے ساتھ ہوں گے۔
وکیل علی اشفاق کی طرف سے بزنس ٹائیکون کے اغواء کے بارے میں مزید تفصیلات شیئر نہیں کی گئیں۔ اس حوالے سے ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے بھی کولا نیکسٹ کے مالک کے لاہور میں انکے گھر پہنچنے کی تصدیق کی ہے۔
خیال رہے کہ ذوالفقار احمد کو 23 جولائی کی شام کراچے کے علاقے ماڑی پور سے نامعلوم افراد زبردستی اپنے ہمراہ لے گئے تھے۔ ذوالفقار احمد کے اغواء کا مقدمہ 26 جولائی کو کلری تھانے میں درج کیا گیا تھا۔
یہ بھی ذہن میں رہے کہ ذوالفقار احمد کولا نیکسٹ کے ساتھ میزان آئل اور پراچہ ٹیکسٹائلز کے بھی مالک ہیں۔