کرکٹ کے میدان میں منفرد واقعے نے کھلاڑیوں، کمنٹیٹرز اور ناظرین کو حیران کر دیا۔
کرکٹ کی تاریخ کا یہ منفرد واقعہ کینیڈا سپر 60 کے سیمی فائنل میں ٹورنٹو سکسز اور مسی ساگا ماسٹرز کے درمیان پیش آیا۔
امریکا سے تعلق رکھنے والے مسی ساگا ماسٹرز کے فاسٹ باولر علی خان نے ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر کیرون پولارڈ کو خطرناک باؤنسر کرایا، گیند پولارڈ کے سر کے اوپر سے گزری اور وکٹ کیپر کو بھی پار کرتی ہوئی براہ راست باؤنڈری کے باہر جا گری۔
بظاہر یہ منظر ایک چھکے جیسا دکھائی دے رہا تھا، تاہم امپائر نے گیند کو وائیڈ قرار دیتے ہوئے چوکے کا اشارہ کیا۔ یوں ٹورنٹو سکسز کو مجموعی طور پر5 رنز ملے، جن میں ایک رن وائیڈ اور باؤنڈری کے 4 رنز شامل تھے۔
یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا کیونکہ پولارڈ نے گیند کو بالکل نہیں چھوا تھا۔ کرکٹ کے قوانین کے مطابق کسی گیند کو چھکا اسی صورت میں قرار دیا جاتا ہے جب گیند باؤنڈری پار کرنے سے قبل بلے یا بیٹر کے دستانے سے ٹکرائے اور پھر بغیر زمین پر لگے باؤنڈری کے باہر چلی جائے۔
