وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ نرمی بہت ہو چکی ، سیاسی و آئینی انتظام کر لیا، یہ ملک کا آخری لانگ مارچ ہو گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں معاہدے کے بنیادی نکات پر اتفاق رائے ہوگیا تھا ، پی ٹی آئی نے جان بوجھ کر مذاکرات کو نتیجہ خیز نہیں بننے دیا، اپوزیشن مذاکرات کے حوالے سے حقائق چھپا رہی ہے۔
حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ہفتہ (3 اکتوبر) کو مذاکرات کا طویل دور ہوا تھا تاہم بعض معاملات پر اتفاق نہ ہونے کے باعث مذاکرات بے نتیجہ ختم ہوگئے، فریقین نے مذاکرات کی ناکامی کا ذمہ دار ایک دوسرے کو قرار دیا تھا۔ جس کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت سے لانگ مارچ کا آغاز کردیا۔
