سری لنکا میں بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک ہو گئے ، حکومت نے تمام اسکول بند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا کے جزائر میں مون سون کی بارشوں اور طوفانوں نے تباہی مچا دی ، 25 میں سے 20 اضلاع میں نظام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا۔
دارالحکومت کولمبو کے نزدیک ایک ہی خاندان کے 3 افراد سیلاب میں ڈوب کر ہلاک ہو گئے جبکہ 9 افراد درختوں کے گرنے سے کچلے گئے ،اسی طرح مٹی کا تودہ گرنے سے ملبے میں متعدد افراد دب گئے جن میں سے ایک لڑکا اور لڑکی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
علاوہ ازیں وائلڈ لائف حکام کے مطابق 7 ہاتھی بھی سیلاب میں بہہ کر ہلاک ہو گئے۔