غزہ میں اسرائیل کی جارحیت جاری ، 24 گھنٹوں کے دوران بمباری سے مزید درجنوں فلسطینی شہید ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ میں 4 اسکولوں سمیت متعدد مقامات پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 63 فلسطینی شہید ہو گئے۔ جن میں خان یونس میں اسکول پر بمباری سے شہید 20 فلسطینی بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب اسرائیل نے گولان کی پہاڑیوں پر یہودی بستیوں میں توسیع کا اعلان کر دیا ہے ، اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل قبضہ جاری رکھے گا اور گولان کی پہاڑیوں پر یہودی آباد کاری کو بڑھائے گا۔
نیتن یاہو کا مزید کہنا تھا کہ گولان کی پہاڑیوں کو مضبوط کرنا اسرائیل کو مضبوط کرنے کے برابر ہے، اسرائیلی فوج گولان کی پہاڑیوں پر شام کے ساتھ بفر زون میں موجود رہے گی۔