عالمی بینک نے سی پیک کے تحت بجلی خریداری کے معاہدوں پر نظرثانی سمیت اہم شرائط پر عملدرآمد نہ کرنے کے باعث پاکستان کو 500 ملین ڈالر کا قرض منسوخ کر دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق نیا بجٹ سپورٹ لون نہ دینے کی ایک اہم وجہ یہ ہے کہ پاکستان نے اپنا کوٹہ بڑی حد تک ختم کر دیا ہے۔
حکومتی ذرائع نے بتایا کہ عالمی بینک نے 500 سے 600 ملین ڈالر کا قرضہ منسوخ کر دیا جس کا مقصد پاکستان کو سستی اور صاف توانائی فراہم کرنا تھا۔
جون 2021 میں عالمی بینک نے پاکستان کو توانائی کے حوالے سے تعاون کے پروگرام کی منظوری دے کر400 ملین ڈالر کی پہلی قسط فراہم کی تھی تاہم بینک کے پاس مزید رقم دینے کی شرائط تھیں۔
ان شرائط میں سی پیک کے تحت چینی پاور پلانٹس کے سیٹ اپ سمیت تمام آئی پی پیز کے ساتھ مذاکرات کرنا بھی شامل تھا۔ پاکستانی حکام کے مطابق سی پیک پاور پلانٹس کے ساتھ دوبارہ مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔