وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں کامیابی مسلم لیگ ن کی پالیسیوں پر عوام کے اعتماد کا ثبوت ہے ،آزاد جموں و کشمیر کی ترقی و خوشحالی اورفلاح و بہبود ن لیگ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم نے برتری پر مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کامیابی کا یہ تسلسل نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کی پوری ٹیم کی محنت کا ثمر ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی ٹیم نے آزاد جموں و کشمیر میں انتہائی کامیاب انتخابی مہم چلائی ،آزاد جموں و کشمیر کی ترقی و خوشحالی اورفلاح و بہبودن لیگ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ،الیکشن میں سیاسی جماعتوں نےحصہ لیا جس سے جمہوری عمل مزید مضبوط ہو گا۔
قبل ازیں وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر 45 میں سے 23 نشستیں حاصل کرکے سادہ اکثریت حاصل کر لی ہے۔
وفاقی وزیر امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء کا کہنا تھا کہ کشمیر کے عوام نے نواز شریف کے وژن کو ووٹ دیا۔ اسمبلی کی 45 نشستوں میں سے مسلم لیگ ن نے 23 پر کامیابی حاصل کی۔
