معروف اداکارہ ریشم نے انکشاف کیا ہے کہ ان کا اصل نام ریشم نہیں ہے۔
حال ہی میں اداکارہ نے نجی ٹی وی چینل کے مزاحیہ پروگرام میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے کیریئر سمیت زندگی کے مختلف پہلوؤں پر بات کی۔
میزبان کے ایک سوال کے جواب میں ریشم نے کہا کہ میرا تعلق فیصل آباد سے ہے لیکن میرے شوبز کیریئر کی شروعات سے پہلے ہی میری فیملی لاہور منتقل ہوگئی تھی۔
ریشم نے کہا کہ میں نے پی ٹی وی کے ڈراموں سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا، شروع میں مجھے مختصر کردار ملتے تھے لیکن جب لوگوں کو میری اداکاری پسند آنے لگی تو پھر مجھے مرکزی کرداروں کے لیے کاسٹ کیا گیا۔
اداکارہ نے اپنے نام سے متعلق کہا کہ میرا اصل نام ریشم نہیں بلکہ صائمہ ہے، مجھ سے پہلے ہی پاکستانی شوبز میں صائمہ نام کی اداکارہ موجود تھیں تو اسی وجہ سے مجھے اپنا نام تبدیل کرنا پڑا۔
اداکارہ نے محبت کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنی زندگی میں کئی بار محبت ہوئی ہے اور ہر محبت میں دل ہی ٹوٹا ہے۔