ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی روٹیشن پالیسی کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نئے اے سی سی صدر ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ دو سال کے لیے اے سی سی کی صارت پاکستان سنبھالے گا۔ آئندہ دو سالہ مدت کے لیے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ایشین کرکٹ کونسل کے نئے صدر ہوں گے۔
ایشین کرکٹ کونسل کے صدر کو روٹیشن پالیسی پر بنایا جاتا ہے۔ موجودہ اے سی سی صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ کو رواں برس جنوری میں ایک سال کی توسیع ملی تھی۔
سیکرٹری بی سی سی آئی جے شاہ مدت پوری ہونے کے بعد اے سی سی کی صدارت سے الگ ہو جائیں گے۔ اے سی سی کے گزشتہ اجلاس میں آئندہ مدت کی صدارت کے معاملے پر بات ہوئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اے سی سی کے اکتوبر میں ہونے والے اجلاس میں باقاعدہ صدارت کا اعلان کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی بھی اس بات کی طرف اشارہ کرچکے ہیں کہ اے سی سی کا نیا صدر پاکستان سے ہوگا۔