پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلات اور گوادر میں فتنہ الہندوستان کیخلاف کارروائیوں کے دوران 4 دہشتگرد ہلاک جبکہ پاک فوج کے میجر وجاہت وحید شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق ضلع قلات کے علاقے جتک آباد میں 18 اکتوبر کو انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا۔ اس دوران سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں کلیئرنس آپریشنز کے دوران سکیورٹی فورسز کے دستے کو آئی ای ڈی سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں میجر وجاہت وحید شہید ہوگئے ان کی عمر 34 سال اور تعلق لاہور سے تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری رہیں گے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت دہشت گردی کے خلاف مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا بلوچستان کے ضلع قلات اور ضلع گوادر کے مختلف علاقوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الہندوستان کے چار دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین۔
صدر زرداری کا ضلع گوادر کے علاقے شادی کور میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران میجر وجاہت وحید کی شہادت پر اظہارِ افسوس۔
صدر کا وطنِ عزیز کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے میجر وجاہت وحید کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت۔
صدرِ پاکستان کا شہید میجر وجاہت وحید کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار۔
صدرِ مملکت کا ملک کے امن و استحکام اور عوام کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کی مسلسل قربانیوں اور پیشہ ورانہ خدمات کو خراجِ تحسین۔
دہشتگردوں کے غیر ملکی سرپرستوں اور ان کے مقامی سہولت کاروں کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا: صدر
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) October 19, 2026
