ایران میں جاری چودھویں صدارتی انتخابات میں آج عوام اپنے نئے صدر کا انتخاب کرنے کیلئے ووٹ ڈال رہے ہیں، ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کردیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق قبل از وقت صدارتی انتخابات میں پولنگ کا آغاز آج پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 9 بجے ہوا۔ ایرانی عوام شام 6 بجے تک اپنا ووٹ کاسٹ کرسکیں گے۔
اس موقع پر ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے بھی تہران میں اپنا ووٹ کاسٹ کردیا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے آیت اللّٰہ خامنہ ای نے کہا کہ انتخابات کا دن ایرانیوں کے لیے خوشی اور مسرت کا دن ہے۔
آیت اللّٰہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ دنیا کے سامنے ملک کی عزت اور آبرو انتخابات میں عوام کی شرکت پر مبنی ہے۔ ایران میں 2 امیدواروں کی دستبرداری کے بعد اب 4 صدارتی امیدواروں سعید جلیلی، محمد باقر، مسعود پزیشکیان اور مصطفیٰ پور محمدی کے درمیان مقابلہ ہو رہا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق انتخابات کے لیے ملک بھر میں 60 ہزار پولنگ اسٹیشنز قائم ہیں، جبکہ 61 ملین سے زائد ووٹرز ووٹ ڈالنے کے لیے اہل ہیں۔ صدارتی انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان 2 روز میں کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ایران میں صدارتی انتخابات 2025 میں ہونے تھے تاہم ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے میں انتقال کے بعد صدارتی انتخابات قبل ازوقت منعقد ہو رہے ہیں۔