تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں سہولیات فراہم کرنے کیلئے صدر مملکت اور وزیراعظم کو خط ارسال کر دیا۔
جوڈیشل ایکٹوزم پینل کے سربراہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے ارسال کردہ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں قانون کے مطابق سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں اور انہیں لوگوں سے ملنے نہیں دیا جا رہا۔
خط میں مزید کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی ملاقاتوں میں کیوں رکاوٹ ڈالی جا رہی ہے؟ بانی پی ٹی آئی کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ،انہیں جیل میں سہولیات نہ دی گئیں تو اعلیٰ عدالتوں سے رجوع کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے اڈیالہ جیل میں سہولیات کی عدم فراہمی کا الزام عائد کر کے بھوک ہڑتال پر جانے کا عندیہ دیا تھا۔