سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان اڈیالہ جیل راولپنڈی سے آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے لیے الیکشن لڑیں گے۔
برطانوی خبر رساں ادارے ‘ٹیلی گراف’ کے مطابق عمران خان 10 سال قید کی سزا کے باوجود آکسفورڈ یونیورسٹی کے آن لائن انتخابات میں حصہ لیں گے۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ چانسلر کے انتخابات روایتی طریقہ کار کے بجائے آن لائن ہوں گے۔
ٹیلی گراف کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کی نشست ہانگ کانگ کے سابق گورنر اور 21 سال تک عہدے پر فائز رہنے والے 80 سالہ لارڈ پیٹن کے استعفے کے بعد خالی ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق چانسلر کی نشت کے لیے سابق برطانوی وزرائے اعظم سر ٹونی بلیئر اور بورس جانسن بھی یونیورسٹی کے امیدواروں میں شامل ہیں۔ آکسفرڈ یونیورسٹی کے فارغ التحصیل افراد کو انتخابات میں لڑنے کا موقع ملے گا۔ عام طور پر سیاست دانوں کو ہی چانسلر شپ کی نشت دی جاتی ہے۔
اس معاملے پر عمران خان کے مشیر سید زلفی بخاری نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ عمران خان آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے لیے الیکشن لڑیں گے کیونکہ عوامی مطالبہ ہے کہ انہیں الیکشن ضرور لڑنا چاہیے۔ جلد اس کا اعلان عوامی سطح پر کریں گے.
خیال رہے کہ عمران خان بطور طالب علم آکسفورڈ یونیورسٹی کا حصہ رہ چکے ہیں جہاں 1972 میں انہوں نے کیبل کالج آکسفورڈ سے معاشیات اور سیاست کی تعلیم حاصل کی تھی۔
صرف یہی نہیں عمران خان 2005 میں بریڈ فورڈ یونیورسٹی کے چانسلر منتخب ہوچکے ہیں۔