ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے نیشنل کرپشن پرسیپشن سروے (NCPS) 2025 جاری کر دیا ہے، جس میں ملک میں کرپشن کے تاثر میں واضح کمی اور شفافیت میں بہتری سامنے آئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 66 فیصد پاکستانیوں نے بتایا کہ انہیں گزشتہ سال کسی سرکاری کام کے لیے رشوت نہیں دینی پڑی۔
سروے میں شامل 60 فیصد افراد کے مطابق آئی ایم ایف معاہدے اور ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکلنے کے بعد معیشت میں استحکام آیا ہے، جبکہ رپورٹ میں موجودہ معاشی صورتحال کو “زبوں حالی سے استحکام اور پھر ترقی کی جانب” گامزن قرار دیا گیا ہے۔
سروے کے نتائج کے مطابق 43 فیصد افراد نے قوتِ خرید میں بہتری جبکہ 57 فیصد نے کمی کی نشاندہی کی۔
اس کے علاوہ 51 فیصد شرکا نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹیکس چھوٹ حاصل کرنے والے ہسپتال، تعلیمی ادارے اور فلاحی تنظیمیں عوام سے کوئی فیس وصول نہ کریں، اور 53 فیصد کے مطابق ان اداروں کو اپنے ڈونرز اور عطیات کی تفصیل بھی ظاہر کرنی چاہیے۔
