اسلام آباد ہائیکورٹ نے جلسہ کی اجازت منسوخ کرنے کیخلاف پی ٹی آئی کی توہین عدالت کی درخواست خارج کر دی۔
جسٹس بابر ستار نے پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی ، پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین ایڈووکیٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا تحریری آرڈر پڑھا۔
شعیب شاہین نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے 4 جولائی کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں نوٹیفکیشن پیش کیا تھا، ڈپٹی کمشنر نے پچھلی رات ڈیڑھ بجے مجھے جلسہ معطلی کا نوٹیفکیشن بھیجا، آج محرم کی یکم تاریخ ہے اور ہمارا جلسہ 2 دن پہلے تھا۔
جسٹس بابر ستار نے کہا کہ اگر کمشنر اسلام آباد نے آرڈر معطل کر دیا ہے آپ نے اس آرڈر کو چیلنج کرنا ہو گا ، شعیب شاہین نے کہا کہ ان کو سزا تو دیں تاکہ ان کی ملی بھگت سامنے آئے۔
جسٹس بابر ستار نے کہا کہ میں اس درخواست پر توہین عدالت کی کارروائی نہیں کر سکتا، شعیب شاہین نے کہا کہ ہم پھر آج ہی رٹ پٹیشن دائر کریں گے ،جسٹس بابر ستار نے کہا کہ دِلوں کے حال تو اللّٰہ جانتا ہے ہم نے تو قانون کے مطابق فیصلے کرنے ہیں۔