صدر مملکت آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے بینظیر بھٹو کی 17 ویں برسی پر پیغامات جاری کر دیئے ہیں۔
صدر آصف زرداری نے بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر امید، استقامت ، جمہوریت اور انصاف کے اصولوں کا پیکر تھیں ، وہ ہم سب کیلئے مشعل راہ تھیں۔
انہوں نے کہا کہ بینظیر نے ایسے پاکستان کا خواب دیکھا جہاں عوام کی طاقت راج کرے، شہید کے الفاظ ’’جمہوریت بہترین انتقام ہے‘‘ آمریت کا منہ توڑ جواب تھے۔
صدر کا کہنا تھا کہ بیظیر بھٹو کا عوامی طاقت پر گہرا اعتماد تھا، وہ ایسے پاکستان کی خواہاں تھیں جہاں ہر بچے کو تعلیم تک رسائی ہو،شہید بی بی نے تمام زندگی پسے ہوئے طبقات کی خودمختاری کیلئے کام کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو چیلنجز سےنکالنے کے لیے شہید بی بی کے نظریات پر عمل کی ضرورت ہے، آئیے بینظیر بھٹو کے خواب کی تکمیل کیلئے ہم سب مل کر کام کریں، بینظیر بھٹو کی میراث ابدی اور نظریات مشعل راہ ہیں، پاکستان کھپے۔