بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 9 مئی کے 12 مقدمات میں ضمانت کیلئے انسدادِ دہشتگردی عدالت لاہور سے رجوع کر لیا۔
وکیل سلمان صفدر کے ذریعے دائر درخواستوں میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی تمام مقدمات میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں، ان سے کسی قسم کی کوئی ریکوری نہیں ہونی۔
بانی پی ٹی آئی نے درخواستوں میں مؤقف اپنایا ہے کہ پولیس کیسز بدنیتی پر مبنی ہیں، انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ درخواستوں میں جناح ہاؤس حملہ کیس اور عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ سمیت دیگر مقدمات میں رہائی کی استدعا کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ پیر کو اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی نے 9 مئی کے 12 مقدمات میں شامل تفتیش ہونے سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد لاہور پولیس کی تفتیشی ٹیم واپس روانہ ہو گئی تھی۔