نئی دہلی: بھارت نے معروف صنعتکار رتن ٹاٹا کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کرنے کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ صنعت کار رتن ٹاٹا کی آخری رسومات پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔
مہاراشٹر کی حکومت نے آنجہانی صنعتکار کے اعزاز میں آج یومِ سوگ منانے کا بھی اعلان کیا۔ اس موقع پر مہاراشٹر کے تمام سرکاری دفاتر میں قومی پرچم سرنگو ہے جبکہ تمام تفریحی پروگرامز کو بھی منسوخ کر دیا گیا۔
رتن ٹاٹا کی میت آج جمعرات کی صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک ممبئی کے نریمن پوائنٹ میں واقع نیشنل سینٹر فار پرفارمنگ آرٹس (NCPA) میں رکھی گئی ہے۔ جہاں لوگ ان کا آخری دیدار کر رہے ہیں۔ جس کے بعد ان کی آخری رسومات ورلی کے علاقے میں ادا کی جائیں گی۔