وفاقی حکومت نے پاکستان کے کلاس رومز میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) متعارف کرانے کے لیے ایک پائلٹ پروجیکٹ کی منظوری دے دی ہے، جس کا آغاز گریڈ 8 کے طلبہ سے کیا جائے گا۔
اس منصوبے کے تحت اے آئی پر مبنی ٹولز قومی نصاب کی تعلیم دینے کے لیے استعمال کئے جائیں گے، پائلٹ فیز میں یہ ماڈل دو سکولوں میں آزمایا جائے گا، ایک شہری اور ایک دیہی، تاکہ مختلف تعلیمی ماحول میں اس کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے۔
حکام کے مطابق اگر تجرباتی مرحلہ کامیاب رہا تو اس پروگرام کو ملک بھر میں تقریباً 100,000 طلبہ تک بڑھایا جا سکتا ہے۔
یہ پروجیکٹ وفاقی ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اور ڈیجیٹل لرننگ سلوشنز تیار کرنے والی ٹیک کمپنی کے درمیان رسمی معاہدے کے تحت شروع کیا جا رہا ہے، پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن اس پائلٹ فیز کی نگرانی کرے گا اور طلبہ کی کارکردگی اور کلاس روم میں تکنیکی موافقت کا تفصیلی جائزہ لے گا۔
