وزیراعظم شہباز شریف سے نیویارک میں ورلڈ بینک گروپ کے صدراجے بنگا کی ملاقات ہوئی۔
اس ملاقات میں آپریشنز آسان بنانے اور نجی شعبے میں وسائل متحرک کرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے ورلڈ بینک کو موثر ترقیاتی شراکت داری میں تبدیل کرنے پر اجے بنگا کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے عالمی بینک کو زیادہ موثر اور تیز تر ترقیاتی شراکت دار میں تبدیل کرنے پر اجے بنگا کی قیادت کو سراہا اور کورونا وبا اور 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران پاکستان کیلئے عالمی بینک کی معاونت کو قابل قدر قرار دیا۔
وزیر اعظم نے عالمی بینک کے صدر کو حکومت کے جامع اصلاحاتی ایجنڈے سے آگاہ کیا جس میں وسائل کے موثر استعمال، توانائی کے شعبے کی اصلاحات، نجکاری اور موسمیاتی تبدیلی سے بچاؤ کے اقدامات شامل ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اصلاحاتی ایجنڈے نے پاکستان کو میکرو اکنامک استحکام کی طرف گامزن کیا،اس ایجنڈے نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا، اصلاحاتی ایجنڈے نے پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی کو فروغ دیا۔
