مقابلے کے امتحانات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے سی ایس ایس 2025 کے حتمی نتائج آئندہ ماہ فروری کے آخری ہفتے میں جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس حوالے سے تمام تر انتظامی اور تکنیکی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں، جبکہ کمیشن کی جانب سے نتائج کی بروقت اشاعت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔
ایف پی ایس سی حکام کے مطابق سی ایس ایس 2025 کے تحریری امتحان، طبی معائنے اور نفسیاتی جائزے سمیت دیگر مراحل کامیابی سے عبور کرنے والے 80 فیصد سے زائد امیدواروں کے انٹرویوز مکمل ہو چکے ہیں۔ باقی ماندہ امیدواروں کے انٹرویوز بھی آئندہ چند دنوں میں مکمل کر لیے جائیں گے، جس کے بعد حتمی میرٹ لسٹ کی تیاری کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سی ایس ایس 2025 میں مجموعی طور پر کامیاب ہونے والے امیدواروں کا تناسب انتہائی کم رہنے کا امکان ہے، جو محض اڑھائی فیصد کے قریب ہو سکتا ہے۔ اس کم کامیابی کی شرح نے ایک بار پھر مقابلے کے امتحان کی سختی اور معیار کو واضح کر دیا ہے۔
