لاہور: پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت کی کوشش ہے مہنگائی کی کمی کے اثرات عوام تک پہنچیں۔
پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ملک میں مہنگائی کم ہو گئی ہے۔ اور یہ ہمارے لیے بطور قوم خوشی کی خبر ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مہنگائی 35 فیصد سے کم ہوکر 4.9 فیصد پر آ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث ملک ترقی کر رہا ہے۔ اور مہنگائی میں کمی کا اثر شرح سود پر بھی پڑے گا۔ مسلم لیگ ن کی حکومت میں ملک ترقی کرتا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کی ترجیح ہے کہ عام آدمی تک مہنگائی کی کمی کا اثر پڑے۔ اور پیٹرول سستا ہوتا ہے تو کرایوں میں فوری کمی کرائی جاتی ہے۔
اسموگ سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اسموگ کے تدارک کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے۔ اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آتے ہی اسموگ کنٹرول اجلاس کی صدارت کی۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے اسموگ انڈیکس میں بہتری ہوئی ہے۔ جبکہ مریم نواز پچھلے 9 ماہ سے عوامی خدمت میں مصروف ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب صوبے کو پرامن بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔