کیف: یوکرین کو ملنے والا امریکی ایف 16 طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے میں پائلٹ بھی ہلاک ہو گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یوکرینی فوج نے کہا ہے کہ طیارہ روس کا فضائی حملہ ناکام بنانے کی کوشش میں حادثے کا شکار ہوا۔ امریکہ نے حال ہی میں یوکرین کو ایف 16 طیارے فراہم کیے تھے۔
یوکرین کے جنرل اسٹاف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کہا کہ ایف 16 روس میں اپنے ہدف کی طرف بڑھ رہا تھا اور اسی دوران حادثے کا شکار ہو گیا۔ جس میں پائلٹ بھی ہلاک ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ایف 16 طیارے نے اعلیٰ معیار کا مظاہرہ کیا اور 4 روسی کروز میزائل بھی گرائے۔ روس نے 200 سے زائد ڈرونز فائر کیے تھے۔
یوکرین نے بیان میں کہا کہ ایک جہاز اپنے اگلے ہدف کی جانب جاتے ہوئے لاپتا ہو گیا تھا لیکن بعد میں واپس آیا تاہم اب ایف 16 گر کر تباہ ہوا۔
امریکہ کے وزرات دفاع کے حکام نے بیان میں کہا کہ یوکرین میں ایف 16 طیارہ روس کے فائر کی وجہ سے نہیں گرا تھا۔ ممکنہ طور پر پائلٹ کی غلطی کی وجہ سے حادثہ ہوا ہے تاہم اس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔