لاہور سمیت پنجاب بھر میں ٹرانسپورٹرز کی جانب سے پہیہ جام ہڑتال کے اعلان کے پیش نظر متعدد بس اڈے بند ہیں جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
پاکستان ٹرانسپورٹ متحدہ ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پنجاب حکومت سے ٹریفک آرڈیننس 2025 فوری واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔
ایکشن کمیٹی کا کہنا تھا کہ ٹریفک آرڈیننس کے ذریعے بھاری جرمانے وصول کیے جا رہے ہیں جو ٹرانسپورٹرز کے ساتھ ظلم ہے۔ جب تک آرڈیننس واپس نہیں لیا جاتا، پبلک ٹرانسپورٹ نہیں چلے گی۔
قبل ازیں ٹرانسپورٹرز اورپنجاب حکومت کے مذاکرات کا پہلا دور ناکام رہا، ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے مطا بق مذاکرات کا اگلا دور آج دوپہر 2 بجے ہو گا۔
دوسری جانب ٹرانسپورٹرزکی ہڑتال کی کال پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ بغیرلائسنس ڈرائیونگ موت اورحادثات کو دعوت دینے کے مترادف ہے، اسکول کے بچوں کی زندگیوں کی حفاظت پر کسی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔
