راولپنڈی: الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے دوسرا طیارہ 17 ٹن امدادی سامان لے کر لبنان پہنچ گیا۔
لبنان میں پاکستان کے سفیر سلمان اطہر نے دیگر حکام اور الخدمت کے نمائندوں کے ہمراہ سامان وصول کیا۔ جس میں سلیپنگ بیگز، خیمے، کمبل، تیار خوراک، ہائی جین کٹس، ادویات سمیت دیگر امدادی سامان شامل ہے۔ جو متاثرہ خاندانوں کو فراہم کیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل سامان روانہ کرنے کے موقع پر مرکزی صدر الخدمت فاؤنڈیشن ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے کہا کہ غزہ اور لبنان میں اسرائیل کی جانب سے مسلط کی گئی جنگ کے نتیجے میں لاکھوں خاندان متاثر ہوئے ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن ان متاثرین کے لیے مسلسل ریلیف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی طیارے کے ذریعے 100 ٹن امدادی سامان لے کر گزشتہ دنوں نائب صدر ائیر مارشل (ر) ارشد ملک کے ہمراہ بیروت کا دورہ کیا۔ جنگ سے متاثرہ خاندان مختلف اسکولوں میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔