وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے ماڈل فنانشل پلان پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت الیکٹرک وہیکلز کے استعمال کے حوالے سے اہم اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے فروغ کے لیے حکومت ترجیحی اقدامات کررہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بجلی سے چلنے والی گاڑیوں سے پیٹرول اور ڈیزل کی بچت ہو گی،یہ گاڑیاں ماحول دوست بھی ہوں گی۔وزیراعظم نے اس حوالے سے وفاقی وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے مشاورت کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے ملک میں ای وہیکلز کی تیاری کے حوالے سے لائسنسز کے ضابطہ کار کو بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ای وہیکلز کی پالیسی کے حوالے سے تمام صوبوں، وفاقی اکائیوں اور اسٹیک ہولڈرز سے ضروری مشاورت کی جائے۔ لیپ ٹاپ اسکیم کی طرز پر سرکاری اسکولوں کے اچھی کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں ای موٹر بائیکس تقسیم کی جائیں گی۔
وزیراعظم نے تمام وفاقی وزارتوں کو ہدایت جاری کرنے کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ تمام وفاقی سرکاری اداروں کے لیے صرف الیکٹرک موٹر بائیکس کی خریداری کی جائے گی تا کہ قومی خزانے کی بچت ہو۔