انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے۔
وزیر اعلیٰ کے پی نے اسلام آباد کے تھانہ آئی نائن میں درج مقدمے میں جاری وارنٹ کی معطلی کی درخواست دائر کر رکھی تھی۔ انہوں نے خود کو عدالت کے سامنے پیش کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری مصروفیات کے باعث عدالت میں حاضر نہیں ہوسکا۔
اس دوران وزیراعلیٰ کے پی نے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کی استدعا کی جس پر عدالت نے علی امین کی گرفتاری کے وارنٹ منسوخ کرنے کی درخواست منظور کرلی۔
خیال رہے کہ انسداد دہشتگردی عدالت نے پیر کے روز پی ٹی آئی رہنما کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔