لاہور: حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی جبکہ مختلف شہروں کے لیے رینجرز کی خدمات بھی طلب کرلی گئی ہیں۔
صوبائی حکومت کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق صوبے میں 23 ستمبر سے 5 اکتوبر تک دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے جس کے تحت پانچ یا اس سے زائد افراد کے عوامی اجتماعات، ریلیوں اور جلسوں پر پابندی ہوگی۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق دہشت گرد تنظیمیں عوامی اجتماعات کو ٹارگٹ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں۔ اجتماعات، ریلیاں، جلسے، دھرنے، جلوس اور مظاہرے دہشت گرد حملوں کیلئے ممکنہ آسان ہدف بن سکتے ہیں۔
مزید کہا گیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ممکنہ دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے فوری حفاظتی اقدامات میں معاونت کی درخواست کی جس پر سیکرٹری داخلہ نے ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144 (6) کے تحت عوامی اجتماعات پر فوری پابندی عائد کر دی۔
