محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں بارش کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں موسم سرد جبکہ مطلع ابر آلود رہنے کی توقع ہے تاہم بالائی خیبر پختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اورگلگت بلتستان میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔
اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بارش کی توقع ہے، مری، گلیات، راولپنڈی اور اٹک میں دھند رہنے کا امکان ہے، چکوال، سیالکوٹ، حافظ آباد، گوجرانوالہ، جہلم، لاہور، سرگودھا، بھکر، میانوالی، خوشاب، فیصل آباد اور جھنگ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے۔
آزاد کشمیر کے مختلف حصوں میں بارش، گلگت بلتستان میں بارش اوربرفباری کی توقع ہے، کوئٹہ، پشین، ژوب اور چمن میں موسم سرد رہے گا، قلعہ عبداللہ اور گرد و نواح میں سرد ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے سکھر، کشمور اور جیکب آبادمیں دُھندرہنے کاامکان ظاہر کیاہے، خیبر پختونخوا کے پہاڑی اضلاع میں آج سے بارش و برف باری کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، بونیر اور شانگلہ میں بارش کی توقع ہے، بٹگرام، کوہستان، ایبٹ آباد اور باجوڑ میں بارش اوربرفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
مانسہرہ، مہمند، خیبر، اورکزئی اور کرم میں پہاڑوں پر برف باری ہونے کا امکان ہے، پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا کی جانب سے متعلقہ ادادوں کو اس حوالے سے مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔