اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے نوجوانوں کی تعلیم پر سرمایہ کاری کرنا ہو گی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے سیاسی جدوجہد کے ذریعے تاریخ کا دھارا بدلا۔ اور قائد اعظم کے وژن، عزم اور استقلال سے ہی آزاد وطن کا قیام ممکن ہوا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح ایک وکیل اور مدبر سیاسی رہنما تھے۔ اور انہوں نے مسلمانوں کے حقوق کی بھرپور وکالت کی۔ قائد اعظم ایک جمہوری اور خود کفیل پاکستان کا وژن رکھتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ایک خوشحال اور انصاف پر مبنی قوم بننے کا ہمارا سفر ابھی جاری ہے۔ اور ہمیں سماجی انصاف، معاشی مساوات اور قانون کی حکمرانی کے لیے کام کرنا ہے۔ ہمیں اپنے نوجوانوں کی تعلیم پر سرمایہ کاری کرنا ہو گی۔