اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کا آئینی ترمیم پر 100 فیصد اتفاق ہو چکا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری خواہش ہے کہ آئینی ترمیم کا مسودہ مولانا فضل الرحمان خود پیش کریں۔ آئینی عدالت سے معاملہ شروع ہوا، اب ہم آئینی بینچ بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مشاورتی عمل کے بعد آئین سازی کاعمل تیزی سے آگے جا رہا ہے۔ اور ہم نے آئینی بینچ بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ 19ویں ترمیم کو ختم کر کے ہم پارلیمنٹ مضبوط بنانے جا رہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان جیسا چاہتے تھے ویسے ہی ہمارا ڈرافٹ ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جو مسودہ میں چاہتا ہوں وہ مولانا فضل الرحمان خود پیش کریں گے۔ اور مولانا فضل الرحمان جو ڈرافٹ پارلیمنٹ میں پیش کریں گے وہ انہوں نے خود لکھا ہے۔ امید کرتا ہوں مولانا فضل الرحمان اپنے مسودے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حمایت حاصل کر لیں گے۔