قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے دورہ جنوبی افریقہ کیلئے اسکواڈز کا اعلان کردیا۔ دورے میں تین ٹی ٹوئنٹی، تین ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔
بابر اعظم کو محمد رضوان، صائم ایوب اور سلمان علی آغا کے ساتھ تینوں اسکواڈز میں شامل کیا گیا ہے جبکہ نسیم شاہ کو ٹیسٹ اور ون ڈے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
انگلینڈ کے خلاف آخری دو ٹیسٹ میچوں سے باہر رہنے والے شاہین شاہ آفریدی کو ان کے ورک لوڈ مینجمنٹ کے حصے کے طور پر وائٹ بال میچوں کے لئے منتخب کیا گیا ہے تاکہ وہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے لئے اپنی بہترین فٹنس اور فارم میں ہوں۔
ٹیسٹ ٹیم میں فاسٹ بولر محمد عباس کی بھی واپسی ہوئی ہے جنہوں نے آخری بار اگست 2021 میں جمیکا میں کھیلا تھا۔ 25 ٹیسٹ میچوں میں 90 وکٹیں حاصل کرنے والے عباس نے قائد اعظم ٹرافی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ میچوں میں 31 وکٹیں حاصل کیں۔