امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران سے مذاکرات کے آغاز کے اعلان کے بعد پاکستان سٹاک ایکسچینج میں بھی کاروبار کے دوران زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی ہے۔ تبادلہ مارکیٹ میں ڈالر بھی مسلسل گراوٹ کا شکار ہے۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز کاروبار کے آغاز پر اسٹاک مارکیٹ میں 2700 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد 100 انڈیکس ایک لاکھ ، 78 ہزار 985 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز کاروبار کے اختتام پر انڈیکس ایک لاکھ 76 ہزار 94 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب ایکسچینج کمپنیز ایسوسی کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے ، انٹر بینک میں ڈالر ایک پیسہ سستا ہونے کے بعد 277 روپے 79 پیسے کا ہو گیا ہے۔
حصص بازار میں گزشتہ ہفتے کے دوران 4.15 ارب شیئرز کے سودے 158 ارب روپے میں طے ہوئے۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن ہفتے بھر میں 477 ارب روپے اضافے سے 19755 ارب روپے ہو گئی۔
