سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ فورسز نے شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے 7 دہشت گرد ہلاک کردیے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان میں کارروائی خفیہ اطلاعات پر کی گئی، ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کردیے گئے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، حکومت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی شمالی وزیرستان میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کی، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ قوم دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
