نیب نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف نیا توشہ خانہ ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کر دیا۔
ریفرنس نیب کے تفتیشی افسر محسن ہارون اور کیس آفیسر وقار الحسن نے دائر کیا ہے۔ نیب کی جانب سے دائر نیا توشہ خانہ ریفرنس 2 والیمز پر مشتمل ہے ،رجسٹرار آفس نے توشہ خانہ 2 ریفرنس کی اسکروٹنی شروع کر دی۔
نیب نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 13 جولائی کو گرفتار کیا گیا تھا، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی تفتیش کی غرض سے مجموعی طور پر 37 دن نیب کی تحویل میں رہے۔
تفتیش کے دوران عمران خان، بشریٰ بی بی کو نیب کی جانب سے سوالنامہ بھی فراہم کیا گیا تھا، دونوں ملزمان نے جوابات نیب کو جمع کروا دیئے تھے۔ تفتیش مکمل ہونے پر گزشتہ روز سابق وزیراعظم اور ان کی اہلیہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا۔
احتساب عدالت کے رجسٹرار نیب کی جانب سے دائر کردہ توشہ خانہ ٹو ریفرنس کا جائزہ لیں گے، اعتراضات دور کرنے کے بعد ریفرنس احتساب عدالت کے ایڈمنسٹریٹو جج کو بھجوایا جائے گا۔
ایڈمنسٹریٹو جج ریفرنس پر خود سماعت یا کسی دوسری احتساب عدالت کو منتقل کرنے کا فیصلہ کریں گے۔
ایڈمنسٹریٹو جج احتساب عدالت ناصر جاوید رانا پہلے ہی بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت کر رہے ہیں۔