میانمار میں باغیوں کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ملک کی شورش زدہ راکھین ریاست میں مارکیٹ کے قریب فوج کے فضائی حملے میں کم از کم 33 افراد ہلاک اور 36 زخمی ہوگئے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق میانمار کی فوج نے ملک کی شورش زدہ راکھین ریاست میں بنگلا دیش کی سرحد کے قریب ایک مارکیٹ کے نزدیک فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔
راکھین ریاست کے شہر کیاوک تاؤ میں ہونے والے فضائی حملے میں کم از کم 33 افراد کے ہلاک اور 36 کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد کی تصدیق علاقے میں کام کرنے والے ایک مقامی امدادی کارکن نے بھی کی ہے۔
میانمار میں فوج کے خلاف لڑنے والے باغی گروپ اراکان آرمی کے مطابق فضائی حملے میں کم از کم 33 افراد ہلاک جبکہ 36 زخمی ہوئے ہیں۔ اراکان آرمی راکھین ریاست کے ایک بڑے حصے پر کنٹرول رکھتی ہے اور میانمار کی فوج کے خلاف مسلح کارروائیوں میں مصروف ہے۔
