جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس آج بھی بند رہے گی، راولپنڈی صدر اسٹیشن تا پاک سیکرٹریٹ تک میٹروبس سروس مکمل طورپر معطل رہے گی۔
میٹروبس سروس بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، روزانہ کی بنیاد پر تقریباً ایک لاکھ 25ہزار افراد میٹرو بس سروس استعمال کرتے ہیں۔ میٹرو بس سروس پانچ دن سے معطل ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب میں طلبہ کے احتجاج اور تحریک انصاف کی جانب سے ممکنہ آئینی ترامیم اور عمران خان کی قید کے خلاف ملک گیر احتجاج کی کال پر دوروز کے لیے دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کر دی گئی ہے۔
آج تمام تعلیمی اداروں میں چھٹی بھی دی گئی ہے۔ تعلیمی اداروں پر عائد اس بندش کا اطلاق پلے گروپ سے لے کر یونیورسٹیوں تک ہر تعلیمی ادارے پر ہو گا اور اس سے دو کروڑ 60 لاکھ سے زائد طالب علموں کی نصابی سرگرمیاں متاثر ہوں گی۔