فلسطینی مزاحمتی تنظیموں نے اسرائیل سے اسماعیل ہنیہ کی شہادت کا بدلہ لینے کا اعلان کر دیا۔
حماس نے کہا ہے کہ حماس کے سربراہ پر حملے کے ذمہ داران کو سزا دی جائے گی، اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر فلسطینی عوام، عرب عوام، امت مسلمہ اور دنیا بھر کے انصاف پسند عوام سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔
حماس رہنما موسیٰ ابو مرزوق نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ کا قتل ایک بزدلانہ فعل ہے جس کی سزا دی جائے گی، ہنیہ کے قتل سے اسرائیل کو اس کے مقاصد حاصل نہیں ہوں گے۔
حماس رہنما سامی ابو زہری نے کہا کہ ہم بیت المقدس کو آزاد کرانے کے لیے کھلی جنگ لڑ رہے ہیں، بیت المقدس کیلئے ہر قیمت ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
پاپولر فرنٹ فار لبریشن آف فلسطین کے ترجمان مہر الطاہر نے کہا کہ شہید بھائی ہنیہ سے کہتے ہیں اچھی طرح سو جاؤ اور فکر نہ کرو، ان سے وعدہ کرتے ہیں ہم جدوجہد اور مزاحمت جاری رکھیں گے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ دشمن اسرائیل تمام سرخ لکیروں کو عبور کر گیا ہے، اسرائیل نے معاملات کو ایک جامع جنگ کی طرف دھکیل دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی حکومت ہنیہ کے قتل اور ایرانی خودمختاری پر حملے کے گناہ پر پچھتائے گی ، اسماعیل ہنیہ کا قتل امریکی مدد کے بغیر نہیں ہو سکتا تھا۔