اسلام آباد کے ٹریل فائیو پر لاپتہ ہونے والے شہری کو بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق پُکار ون فائیو کال پر کارروائی کے بعد ٹریل فائیو پر لاپتہ شہری کو تلاش کر لیا گیا۔ شہری کے لاپتہ ہونے کی کال پر فوراً ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ راستہ بھٹک جانے والے شہری کو تلاش کرکے بحفاظت واپس لے آئے ہیں۔
خیال رہے کہ اسلام آباد کے ٹریل فائیو پر ہی چند روز قبل 15 سالہ محمد طحہ مبینہ طور پر حادثے میں جاں بحق ہوگیا تھا۔ محمد طحہ کی لاش ٹریل فائیو میں گہری کھائی سے ملی تھی تاہم ابتدائی پوسٹمارٹم رپورٹ تاحال جاری نہیں کی جا سکی۔
اس حوالے سے محمد طحہ کی والدہ نے کہا کہ پمز اسپتال کی جانب سے رپورٹ نہ دینا معاملے کو مشکوک بنارہا ہے۔ طحہ کی ہلاکت کے بعد سوائے بیانات کے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔
والدین نے بتایا تھا کہ طالب علم طحہ ٹریل فائیو پر دوستوں کے ہمراہ ہائیکنگ کی غرض سے گیا تھا، تاہم پُرسرار طور پر لاپتا ہو گیا تھا۔