فٹ بال ورلڈ کپ کے دوران لاکھوں شائقین اپنی پسندیدہ ٹیموں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، لیکن ایک نئی تحقیق کے مطابق میچ دیکھنا صرف تفریح ہی نہیں بلکہ ذہنی اور جسمانی صحت کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔
برطانیہ کی اینگلیا رسکن یونیورسٹی(Anglia Ruskin University) کی 2023 میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق کھیلوں کے مقابلے براہِ راست دیکھنے والے افراد زندگی سے زیادہ مطمئن ہوتے ہیں، تنہائی کم محسوس کرتے ہیں اور ان کی ذہنی صحت بھی بہتر ہوتی ہے۔
تحقیق میں 16 سے 85 سال کی عمر کے 7,209 افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ کھیلوں کے ایونٹس میں شرکت کرنے والے افراد نے اپنی زندگی کو زیادہ بامعنی قرار دیا۔
ماہرین کے مطابق کھیلوں کے مقابلے دیکھنا بہتر جسمانی صحت، بیماریوں کے کم خطرے اور طویل عمر سے بھی منسلک ہو سکتا ہے، کیونکہ یہ زندگی سے اطمینان کے احساس میں اضافہ کرتا ہے۔
