Daily Systematic Metro News Breaking News
دنیا

سری لنکا ہاتھیوں کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور، ری ہیبلیٹیشن سنٹر اور ٹرانزٹ ہوم بھی قائم

سری لنکا (اوڈا والوا، خرم اقبال) ہاتھی میرے ساتھی، سری لنکا مختلف نسل کے ہاتھیوں کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہے۔یہاں ہاتھی جنگلوں میں بھی ہیں،سڑکوں پر بھی گھومتے نظر آجاتے ہیں جبکہ حکومت کی جانب سے ان ہاتھیوں کی دیکھ بھال کےلئے ری ہیبلیٹیشن سنٹر اور ٹرانزٹ ہوم بھی بنائے گئے ہیں۔

سری لنکا کے اوڈا والوا شہر میں ہاتھیوں کے بچوں کےلئے ایک بڑا ٹرانزٹ ہوم ہے۔یہ ٹزانٹ ہوم سری لنکن وائلڈ لائف کنزرویشن کی وزارت نے 1995 میں بنایا تھا، جس کا مقصد ننھے ہاتھیوں کی دیکھ بھال اور تحفظ ہے۔

اس ٹرانزٹ ہوم میں اُن ننھے ہاتھیوں کو 6 سال تک پالا جاتا ہے جو جنگل میں اپنے ماں باپ سے بچھڑ گئے یا پھر زخمی ہو گئے، ان ہاتھیوں کی یہاں دیکھ بھال کے ساتھ ان کی خوراک کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔

سری لنکن وقت کے مطابق دن میں تین بار صبح ساڑھے 10 بجے،دوپہر کو ڈھائی بجے اور شام کو 6 بجے ننھے ہاتھیوں کو خوراک فراہم کی جاتی ہے،جس میں دودھ، پتے اور دانا شامل ہے۔

کھاتے،پیتے اور بھاگتے ننھے ہاتھیوں کو دیکھنے کےلئے دنیا بھر سے سیاح آتے ہیں۔سیاح ٹرانزٹ ہوم میں ایک مخصوص جگہ پر خاموشی سے بیٹھ کر ان ننھے ہاتھیوں کی مستیوں کو دیکھ کرلطف اندوز ہوتے ہیں۔

یہاں کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ ہرے بھرے علاقے کے کنارے ہی پانی موجود ہے جہاں سے ہاتھیوں کو خوراک کی فراہمی کے مقام پر لایا جاتا ہے۔قطار در قطار یہ ہاتھی اپنی خوراک کھانے کےلئے آتے ہیں اور انتہائی نظم و ضبط کا مظاہرہ بھی کرتے ہیں، اگر کوئی ہاتھی بپھر جائے تو اسے قابو کرنے کےلئے مہاوت بھی ڈنڈا اٹھائے موجود رہتا ہے۔

ٹرانزٹ ہوم میں زخمی ہاتھیوں کا بھی خیال رکھا جاتا ہے، ہم نے یہاں ایک ایسا ہاتھی بھی دیکھا جس کی ٹانگ زخمی تھی اور اسے مصنوعی ٹانگ لگائی گئی تھی۔

ٹرانزٹ ہوم کے اندر ہی ایک خوبصورت میوزیم بھی بنایا گیا ہے جہاں مختلف نسل کے ہاتھیوں کی تفصیلات بیان کی گئی ہیں۔

یہیں ہاتھیوں کے اعضا کو بھی محفوظ کیا گیا ہےجن میں ہاتھی کے دانت،گردے،پائوں،دماغ،دل،آنکھیں اور ناخن شامل ہیں۔سیاح اس میوزیم میں آتے ہیں اور ہاتھیوں کی نسل سے متعلق آگاہی حاصل کرتے ہیں۔

ٹرانزٹ ہوم کے باہر دکانیں بھی موجود ہیں جہاں سے سیاح اپنی پسند کی اشیا خریدتے ہیں، اوڈاوالوا شہر سری لنکا کا خوبصورت شہر ہے جہاں صفائی کا انتظام بہترین ہے، یہاں کی سڑکیں اور علاقے صاف ستھرے ہیں، دنیا بھر سے سیاح یہاں کا دورہ ضرور کرتے ہیں۔

سری لنکن حکومت ہاتھیوں کی نسل کو محفوظ بنانے کےلئے کئی اقدامات کر رہی ہے۔ اوڈا والوا ٹرانزٹ ہوم بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جہاں ہاتھیوں کو آزاد زندگی گزارنے کے قابل بنایا جاتا ہے، جس کے بعد وہ واپس جنگل میں جا کر قدرتی ماحول میں زندگی گزارتے ہیں۔

 

Related posts

بھارت میں قیامت خیز گرمی ، الیکشن کمیشن کے 25 اہلکاروں سمیت 74 افراد ہلاک

admin

بنگلہ دیش، طلبا کا رہنماؤں کو رہا نہ کرنے کی صورت میں دوبارہ احتجاج کا اعلان

Mobeera Fatima

غزہ، اسرائیلی فوج کی بمباری، 2 ننھی بچیوں سمیت 32 فلسطینی شہید

Mobeera Fatima

Leave a Comment